مَكِّيّ · ۵ آیات · ۱۰۵
الفیل
الفيل
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
أَلَمۡ تَرَ كَيۡفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِأَصۡحَٰبِ ٱلۡفِيلِ ١ أَلَمۡ يَجۡعَلۡ كَيۡدَهُمۡ فِي تَضۡلِيلٖ ٢ وَأَرۡسَلَ عَلَيۡهِمۡ طَيۡرًا أَبَابِيلَ ٣ تَرۡمِيهِم بِحِجَارَةٖ مِّن سِجِّيلٖ ٤ فَجَعَلَهُمۡ كَعَصۡفٖ مَّأۡكُولِۭ ٥ [سورة الفيل : 1-5]
(کیا تو نے نہیں دیکھا کہ تیرے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا کیا۔ کیا اس نے ان کی چال کو ناکام نہیں کر دیا۔ اور ان پر جھنڈ کے جھنڈ پرندے بھیج دیئے۔ جو انہیں کنکریاں مار رہے تھے پکی ہوئی مٹی کی۔ پس انہیں کھایا ہوا بھوسا بنا دیا۔) [سورةالفيل:1-5].
اللہ تبارک و تعالیٰ نے سورۂ فیل کا آغاز ایک استفہامِ تقریری اور تعجب بهرے انداز سے فرمایا، ان لوگوں کے حال پر تنبیہ کرتے ہوئے جو اصحابِ فیل کے واقعے سے عبرت حاصل نہیں کرتے؛ وہ لوگ جنہوں نے مکہ مکرمہ کی حرمت کو پامال کرنے اور کعبہ کو ڈھانے کا ارادہ کیا تھا تاکہ لوگ حج کیلئے وہاں کا رخ نہ کریں، تو اللہ تعالیٰ نے ان سے انتقام لیا اور پرندوں کے جھنڈ بھیج کر انہیں سِجِّیل کے پتھروں سے ہلاک کر دیا۔ چنانچہ ارشاد فرمایا: ﴿أَلَمْ تَرَ كَيْفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِأَصْحَابِ الْفِيلِ﴾ (کیا تو نے نہیں دیکھا کہ تیرے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا کیا۔) یعنی کیا تم نے اللہ تعالیٰ کی عظیم قدرت کا یہ مظہر نہیں جانا کہ اس نے ابرہہ حبشی بادشاہ اور اس کے لشکر کو، جو کعبہ کو ڈھانے آئے تھے، کس طرح تباہ کر دیا؟ اللہ عز وجل نے انہیں ہلاک اور نیست و نابود کر دیا تاکہ یہ ان کیلئے سزا اور دوسروں کیلئے عبرت بن جائے، اور اس میں اس کی عظمت کا اظہار ہو کہ وہ ہر متکبر و سرکش کو پکڑنے پر قادر ہے۔
اس واقعے میں اہلِ مکہ پر اللہ تعالیٰ کا احسان بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے انہیں ایسے دشمن سے بچایا جس کا مقابلہ کرنے کی طاقت ان میں نہ تھی۔ اس میں مکہ مکرمہ کی عظمت اور اس کے مقام کی بلندی کا بیان ہے، اور ساتھ ہی رسول اللہ ﷺ کی شان کو بھی بلند کیا گیا کہ اس عظیم واقعے کا ذکر آپ ﷺ کو خطاب کرکے کیا گیا، کیونکہ آپ ﷺ اپنے رب جل جلالہٗ کے پیغام کے پہنچانے والے ہیں۔
"اصحابِ فیل" سے مراد ابرہہ حبشی بادشاہ اور اس کا لشکر ہے جو یمن کی جانب سے مکہ آیا تھا اور اپنے ساتھ ہاتھی لایا تھا تاکہ کعبہ کو ڈھا دے۔ خطاب اگرچہ بظاہر رسول اللہ ﷺ کو ہے، مگر اسلوب ایسا عام ہے کہ ہر سننے والے کو شامل کر لیتا ہے۔ چنانچہ ارشاد ﴿أَلَمْ تَرَ﴾ میں کسی ایک مخاطب کی تخصیص نہیں، بلکہ معنی یہ ہے: کیا تم تک یہ خبر نہیں پہنچی؟ اس طرح یہ خطاب نبی ﷺ، مؤمنین، مشرکین اور قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کو شامل ہو جاتا ہے۔
بیان کا آغاز استفہامِ تقریری سے ہوا: ﴿أَلَمْ تَرَ﴾ جو توجہ کو بیدار کرتا ہے اور سننے والے کو چونکا دیتا ہے۔ پھر اس سوال کو نبی ﷺ کی طرف منسوب کر کے اس کی شان بڑھا دی گئی، یعنی اے نبی ﷺ! کیا آپ نے نہیں دیکھا؟ اس طرح اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو رسول ﷺ کی ذات کے ذریعے خطاب کرتا ہے، تاکہ یہ واضح ہو کہ وہی برگزیدہ ہستی ہیں جن پر وحی نازل ہوتی ہے اور جو لوگوں کو اللہ کا پیغام پہنچاتے ہیں۔
﴿أَلَمْ تَرَ﴾ کا مفہوم یہ بھی ہے: کیا تمہیں وہ خبر نہیں پہنچی جو لوگوں میں اس قدر مشہور ہو گئی کہ ہر طرف پھیل گئی، یہاں تک کہ اس کا حال ایسا ہو گیا گویا تم اسے اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہو؟ اسی لئے یہاں "دیکھنے" کا لفظ آیا، جو بصیرت کی نگاہ سے دیکھنے کے معنی دیتا ہے، یعنی خبر کی شہرت اور کثرتِ نقل و روایت نے اسے ایسے واضح کر دیا جیسے وہ منظر سامنے موجود ہو۔
پھر نگاہ کو مزید متوجہ اور متحرک کرنے کیلئے لفظ ﴿كَيْفَ﴾ لایا گیا، جو ذہن کو ابھارتا ہے کہ نبی ﷺ اور دوسرے سننے والے اس واقعے کا تصور کریں، اس کے حالات پر غور کریں اور اس میں ظاہر ہونے والی اللہ عز وجل کی عظیم قدرت کو سمجھیں۔ قرآنِ کریم میں ﴿كَيْفَ﴾ کی دلالت ذہن کو بیدار کرتی ہے تاکہ مخاطب اس واقعے کے گرد و پیش میں موجود قدرتِ الٰہی پر غور، تدبر اور فکر کرے۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ غور و فکر، مشاہدہ، نتیجہ اخذ کرنا اور حالات سے سبق لینا اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتیں ہیں، جن کے ذریعے انسان اللہ کی قدرت، اس کی کامل عزت اور اس کے اقتدار کو پہچانتا ہے۔ بے شک ظاہری نظر اور باطنی بصیرت دونوں بڑی نعمت ہیں، تاکہ انسان نفع و نقصان، صحیح و غلط کو سمجھے، اور یہ حقیقتوں کے انکشاف اور ان کی معرفت کا ذریعہ بنیں۔
اسلوبی لحاظ سے ﴿أَلَمْ تَرَ﴾ میں توجہ دلانے کی قوت ہے، جبکہ ﴿كَيْفَ﴾ نے غور و فکر، تدبر اور بصیرت کی گہرائی کو مزید بڑھا دیا۔ جملہ ﴿أَلَمْ تَرَ﴾ مخاطب کو اس بات کی دعوت دیتا ہے کہ وہ اصحابِ فیل کے واقعے، ان کے غرور، سرکشی اور بیت اللہ سے لوگوں کو روکنے کے ارادے پر سنجیدگی سے نظر کرے، تاکہ واضح ہو جائے کہ جو بھی لوگوں کو اللہ کے راستے، اس کے دین اور اس کے رسول محمد ﷺ سے روکے گا، اس کا انجام ہلاکت اور تباہی ہوگا۔ یوں مخاطب اس نتیجے تک پہنچتا ہے کہ ان کا طرزِ عمل باطل تھا جس نے انہیں اللہ کے دین اور اس کے رسول ﷺ سے روکنے پر آمادہ کیا۔
پس جیسے اللہ تعالیٰ نے اپنے بیتِ حرام کی حفاظت فرمائی، ویسے ہی وہ اپنے رسول ﷺ کی حفاظت فرماتا ہے اور تجاوز کرنے والوں کو ہلاک کر دیتا ہے۔ لہٰذا ظلم سے بچو، حق کے مقابل جرأت نہ کرو، نہ اس ذات کے خلاف جس نے حق نازل فرمایا، اور نہ اس رسول ﷺ کے خلاف جس پر حق نازل ہوا اور جو لوگوں کو حق کی طرف بلاتے ہیں۔
اس ترتیب سے ﴿كَيْفَ﴾ کا ﴿أَلَمْ تَرَ﴾ کے بعد آنا ایک عظیم مقصد اور گہری بلاغت کو ظاہر کرتا ہے، جو قرآنِ کریم کے بیان کی عظمت اور اس کے الفاظ کی دقیق ترتیب پر دلالت کرتا ہے، اور یہ اللہ تعالیٰ کے کلام کے اعجاز اور ہر لفظ میں پوشیدہ حکمت کا روشن ثبوت ہے۔
پھر اللہ تعالیٰ نے اس ہلاکت کو اور عظیم بنا کر بیان کیا کہ فعل کو اپنی طرف منسوب فرمایا: ﴿أَلَمْ تَرَ كَيْفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِأَصْحَابِ الْفِيلِ﴾ (کیا تو نے نہیں دیکھا کہ تیرے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا کیا۔) یعنی جن کے ساتھ یہ سب کچھ ہوا، ان کے ساتھ یہ معاملہ تمہارے رب عز وجل نے کیا، وہی رب جو بلند و برتر ہے اور کامل قدرت والا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے اپنی ربوبیت کو ظاہر فرمایا کہ وہی تمہارا رب ہے جس نے اصحابِ فیل کے ساتھ وہ معاملہ کیا، اور وہی تمام مخلوق کا رب ہے۔ اس نے انہیں اس وصف سے یاد کیا: ﴿أَصْحَابِ الْفِيلِ﴾ یعنی ہاتھی والے، جو ان کی پہچان بن گیا، کیونکہ وہ ہاتھی جیسے عظیم الجثہ جانور کو اپنے ساتھ لائے تھے اور اسی کے ذریعے لوگوں پر اپنی برتری اور طاقت جتانا چاہتے تھے۔
پھر فرمایا: ﴿أَلَمْ يَجْعَلْ كَيْدَهُمْ فِي تَضْلِيلٍ﴾ (کیا اس نے ان کی چال کو ناکام نہیں کر دیا۔) یعنی اپنی تمام قوت کے باوجود اللہ عز وجل نے ان کی تدبیر کو ضائع اور بے اثر کر دیا۔ بیان یہاں بھی استفہامِ تقریری کے انداز میں ہے: کیا تمہارے رب نے ان کی چال کو گمراہی اور بربادی میں نہیں ڈال دیا؟ انہوں نے بیتِ عتیق اور اس کے باشندوں کے خلاف قتل، قید اور کعبہ کو ڈھانے کا ارادہ کیا تھا، مگر اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت، عزت، سلطنت اور تدبیر سے اسی قوت کو ان کی ہلاکت کا سبب بنا دیا۔ یوں ان کی سازش اور ارادہ رائیگاں ہو گیا، اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے بلکہ عذاب ہی ان کا حصہ بنا۔
پھر اللہ تعالیٰ نے ان پر وہ لشکر بھیجا جس کا نہ انہیں گمان تھا اور نہ اہلِ مکہ کو: ﴿وَأَرْسَلَ عَلَيْهِمْ طَيْرًا أَبَابِيلَ﴾ (اور ان پر جھنڈ کے جھنڈ پرندے بھیج دیئے۔) یعنی اللہ تعالیٰ نے چھوٹے، ہلکے پرندوں کے گروہ بھیجے تاکہ وہ انہیں ہلاک کر دیں، حالانکہ ان کے پاس عظیم الجثہ ہاتھی موجود تھے۔ اس میں غور و فکر کی دعوت ہے کہ اصل قوت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، وہ جسے چاہے عطا کرے؛ قوت انسان کے اندازوں اور ظاہری اسباب سے وابستہ نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ نے پرندوں کو سبب بنایا کہ وہ انہیں اور ان کے ہاتھیوں کو ہلاک کر دیں۔
ابن جریر رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: تمہارے رب نے ان پر پرندے بھیجے جو مختلف سمتوں سے پے در پے آتے تھے [1]۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما اور ضحاک رحمہ اللہ کہتے ہیں: "أبابيل" یعنی ایک دوسرے کے پیچھے آنے والے۔ حسن بصری اور قتادہ رحمہما اللہ کہتے ہیں: اس سے مراد بہت زیادہ تعداد ہے۔ مجاہد رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس کا مطلب ہے جدا جدا، متواتر اور جمع ہو کر آنے والے۔ ابن زید رحمہ اللہ کہتے ہیں: یعنی مختلف سمتوں سے آنے والے، ادھر سے بھی اور ادھر سے بھی، ہر طرف سے ان پر چھا جانے والے [2]۔ اس طرح اس لفظ میں کثرت، تسلسل اور چاروں طرف سے گھیر لینے کا مفہوم جمع ہو گیا، یعنی وہ ہر جانب سے ان پر ٹوٹ پڑے۔
ان کے واقعے میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ جب ابرہہ کعبہ میں داخل ہونے کیلئے تیار ہوا تو اس نے ہاتھی کو آگے بڑھانا چاہا، مگر وہ بیٹھ گیا؛ اسے مارا گیا تو بھی نہ اٹھا۔ اسے یمن کی طرف موڑا گیا تو دوڑنے لگا، شام کی طرف کیا گیا تو اسی طرح، مشرق کی طرف کیا گیا تو اسی طرح، مگر جب اسے حرم کی طرف موڑا گیا تو وہ رک گیا۔ تب اللہ تعالیٰ نے سمندر کی جانب سے پرندے بھیجے [3]۔ اس میں اللہ تعالیٰ کی عظیم قدرت، کامل غلبہ، نصرت اور حکمت کا بیان ہے، اور یہ سبق ہے کہ قوت وہی دیتا ہے جسے چاہے۔ اس سے مؤمن کو یہ تعلیم ملتی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ پر توکل کرے، اسی سے مدد مانگے، اسی کی پناہ طلب کرے، اور اس کا ایمان و یقین بڑھ جائے کہ اصل قوت اور نصرت اللہ ہی کی طرف سے ہے، اور وہ جل جلالہٗ آسان ترین سبب سے حالات کا رخ بدلنے پر قادر ہے۔
پھر اللہ تبارک و تعالیٰ نے بیان فرمایا کہ ان پرندوں نے اصحابِ فیل کے ساتھ کیا کیا۔ ارشاد ہے: ﴿تَرْمِيهِم بِحِجَارَةٍ مِّن سِجِّيلٍ﴾ (جو انہیں کنکریاں مار رہے تھے پکی ہوئی مٹی کی۔) یعنی وہ پرندے ابرہہ اور اس کے لشکر پر سخت اور پختہ مٹی کے پتھر پھینک رہے تھے، جو تیزی اور پے در پے ان پر گرتے تھے، ایک کے بعد ایک۔
پھر فرمایا: ﴿فَجَعَلَهُمْ كَعَصْفٍ مَّأْكُولٍ﴾ (پس انہیں کھایا ہوا بھوسا بنا دیا۔) یعنی اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت سے انہیں اس کھیتی کی طرح کر دیا جسے جانور چر کر بکھیر دیں، خشک اور ریزہ ریزہ ہو جائے اور اس میں کوئی جان باقی نہ رہے۔ ابن جریر طبری رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: یعنی وہ اس کھیتی کی مانند ہو گئے جسے جانور کھا جائیں، پھر وہ سوکھ جائے اور اس کے اجزاء بکھر جائیں؛ اسی طرح اس عذاب نے ان کے جسموں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور ان کے بدن کے حصے منتشر ہو گئے، جیسے کھائے ہوئے چارے کے بعد گوبر کے ذرات بکھر جاتے ہیں [4]۔
یہ اس بات کی دلیل ہے کہ سزا کتنی سخت تھی کہ چھوٹے پرندے، جو ظاہری اعتبار سے ہاتھی جیسے بڑے جانور کا مقابلہ نہیں کر سکتے، اور وہ چھوٹے پتھر جو وہ اٹھائے ہوئے تھے، انہی کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے ایسا عظیم اثر ظاہر کیا کہ ان کے جسم پارہ پارہ ہو گئے اور وہ ایسے رہ گئے جیسے جانوروں کی چرائی ہوئی کھیتی کے بچے کھچے ریزے۔
یہ واقعہ اس دن سے قیامت تک ہر انسان کیلئے عبرت اور نصیحت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس موعظت کے ذریعے تمام لوگوں کو ہدایت کی دعوت دی ہے؛ جو ہدایت قبول کرے گا وہ اپنے ہی فائدے کیلئے کرے گا، اور جو انکار کرے گا تو اس کا انجام اسی پر لوٹے گا۔ پس ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اس ہدایت اور اس عظیم بیان پر جو اس نے اپنی کتابِ کریم اور اپنے رسولِ امین محمد ﷺ کی رسالت کے ذریعے عطا فرمایا۔
میں اللہ تعالیٰ کی حمد و شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے فضل سے مجھے اس مبارک کام کی سعادت بخشی اور سورۂ فیل کی تفسیر پایۂ تکمیل تک پہنچائی۔ اے ہمارے رب! ہم سے قبول فرما، بے شک تو ہی خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے، اور ہماری توبہ قبول فرما، یقیناً تو ہی بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔ تمام تعریفیں اللہ ربُّ العالمین کے لئے ہیں، اور درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد پر اور آپ کی تمام آل پر۔
حاشيه:
[1] الطبري، جامع البيان عن تأويل آي القرآن (٢٤/٦٢٧)
[2] ابن كثير، تفسير القرآن العظيم (٤/٥٨٩)
[3] ابن الجوزي، زاد المسير في علم التفسير (٨/٣١٠)
[4] الطبري، جامع البيان عن تأويل آي القرآن (٢٤/٦٢٩)