مَكِّيّ · ۱۱ آیات · ۱۰۱
القارعہ
القارعة
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
ٱلۡقَارِعَةُ ١ مَا ٱلۡقَارِعَةُ ٢ وَمَآ أَدۡرَىٰكَ مَا ٱلۡقَارِعَةُ ٣ يَوۡمَ يَكُونُ ٱلنَّاسُ كَٱلۡفَرَاشِ ٱلۡمَبۡثُوثِ ٤ وَتَكُونُ ٱلۡجِبَالُ كَٱلۡعِهۡنِ ٱلۡمَنفُوشِ ٥ فَأَمَّا مَن ثَقُلَتۡ مَوَٰزِينُهُۥ ٦ فَهُوَ فِي عِيشَةٖ رَّاضِيَةٖ ٧ وَأَمَّا مَنۡ خَفَّتۡ مَوَٰزِينُهُۥ ٨ فَأُمُّهُۥ هَاوِيَةٞ ٩ وَمَآ أَدۡرَىٰكَ مَا هِيَهۡ ١٠ نَارٌ حَامِيَةُۢ ١١ [سورة القارعة : 1-11]
(کھڑکھڑانے والی۔ کیا ہے وہ کھڑکھڑانے والی۔ اور تجھے کیا معلوم کہ وہ کھڑکھڑانے والی کیا ہے۔ جس دن لوگ پراگندہ پروانوں کی طرح ہو جائیں گے۔ اور پہاڑ دھنکی ہوئی رنگین اون کی طرح ہو جائیں گے۔ تو جس کے پلڑے بھاری ہو جائیں گے۔ وہ تو دل پسند عیش میں ہوگا۔ اور جس کے پلڑے ہلکے ہو جائیں گے۔ اس کا ٹھکانا ہاویہ ہے۔ اور تجھے کیا معلوم کہ وہ کیا ہے۔ وہ بھڑکتی ہوئی آگ ہے۔) [سورةالقارعة:1-11].
اللہ تعالیٰ نے سورۂ قارعہ کا آغاز قیامت کے ناموں میں سے ایک نام سے فرمایا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿الْقَارِعَةُ﴾ (کھڑکھڑانے والی۔) یعنی القارعہ ایک نہایت عظیم چیز ہے، کیونکہ وہ اپنی ہولناکیوں سے مخلوق کے دلوں کو جھنجھوڑ دے گی اور اس کے شدید حالات سے دل دہل جائیں گے۔ امام قرطبی رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: اس سے مراد قیامت اور ساعت ہے، یہی بات جمہور مفسرین نے کہی ہے، اس لئے کہ وہ اپنی ہولناکیوں اور خوفناک مناظر سے مخلوق کو جھنجھوڑ دے گی [1]۔
اللہ سبحانہٗ نے اس لفظ کو پے در پے تین مرتبہ ذکر فرمایا، جس سے سیاق میں عظمت، ہیبت، دہشت اور ڈرانے کا پہلو نمایاں ہو گیا، خاص طور پر مشرکین اور عام کافروں کو قیامت کے دن سے خبردار کرنے کیلئے۔ ابتدا میں اسے بغیر کسی صفت کے مجرد ذکر کیا گیا: ﴿الْقَارِعَةُ﴾ (کھڑکھڑانے والی۔) یعنی وہ دن جس میں دل شدید خوف اور دہشت سے کانپ اٹھیں گے، جب اعمال ظاہر کر دیے جائیں گے اور بدلہ و جزا اعمال کے مطابق ملے گا۔ یہ قیامت کے ناموں میں سے ایک نام ہے۔
پھر اللہ تعالیٰ نے اسے استفہام کے انداز سے مؤکد فرمایا تاکہ مزید ہیبت اور تعظیم پیدا ہو۔ چنانچہ فرمایا: ﴿مَا الْقَارِعَةُ﴾ (کیا ہے وہ کھڑکھڑانے والی۔) یعنی وہ کیا ہے؟ اس کی حقیقت کیا ہے؟ اس میں کون سے واقعات پیش آئیں گے؟ اس کے ہولناک مناظر کیسے ہوں گے؟ اس میں لوگوں کا حال کیا ہوگا؟ یہ استفہام ذہن کو اس کی عظمت اور ہولناکی کی طرف متوجہ کرتا ہے اور مخاطب کو اس کی حقیقت جاننے کیلئے آمادہ کرتا ہے۔
جملہ ﴿مَا الْقَارِعَةُ﴾ استفہامیہ اسلوب میں اس وقت آیا جب اس سے پہلے ﴿الْقَارِعَةُ﴾ مطلق ذکر ہو چکا تھا، جس سے تعظیم کا مفہوم پیدا ہوا۔ اس کا آغاز لفظ ﴿مَا﴾ سے ہوا جو استفہام کیلئے ہے اور یہاں تعظیم و تہویل کے معنی میں استعمال ہوا ہے، گویا فرمایا گیا: کیا تم جانتے ہو کہ القارعہ کیا ہے؟
پھر اللہ سبحانہٗ نے تیسری مرتبہ اس کا ذکر فرمایا: ﴿وَمَا أَدْرَاكَ مَا الْقَارِعَةُ﴾ (اور تجھے کیا معلوم کہ وہ کھڑکھڑانے والی کیا ہے۔) یہ سوال ہیبت اور عظمت ظاہر کرنے کیلئے ہے: کیا تم جانتے ہو القارعہ کیا ہے؟ یہ خطاب ہر ایک کیلئے ہے، یعنی کون سی چیز تمہیں اس کی حقیقت بتا سکتی ہے؟ تم نے نہ اسے دیکھا ہے نہ اس کی ہولناکیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔ اس اسلوب سے یہ معنی ظاہر ہوتا ہے کہ جب تک انسان اس کے مناظر کو خود نہ دیکھ لے، اس کی حقیقت کو پوری طرح نہیں جان سکتا، کیونکہ اس نے ابھی تک اس کے عظیم واقعات اور خوفناک احوال کا مشاہدہ نہیں کیا۔ اس میں اس دن کی ہولناکی کو نمایاں کرنا، اس سے ڈرانا، اور اس بات کی طرف متوجہ کرنا مقصود ہے کہ بندہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور اس کے رسول محمد ﷺ کی پیروی اختیار کرے۔ نیز اس میں یہ اشارہ بھی ہے کہ تمہیں اس کے بارے میں خبر دے دی گئی ہے اور اس کے احوال بیان کر دیے گئے ہیں تاکہ تم پر اس سے ڈرا دینے کے ذریعے حجت قائم ہو جائے۔
پھر اللہ تعالیٰ اس دن کے حالات اور ہولناک مناظر بیان فرماتا ہے۔ ارشاد ہے: ﴿يَوْمَ يَكُونُ النَّاسُ كَالْفَرَاشِ الْمَبْثُوثِ﴾ (جس دن لوگ پراگندہ پروانوں کی طرح ہو جائیں گے۔) یعنی اس دن لوگوں کا حال اس پروانے کی طرح ہوگا جو روشنی یا آگ کے گرد منڈلاتا رہتا ہے اور اسے قرار نہیں ہوتا۔ قیامت کے خوف اور گھبراہٹ کی شدت سے لوگ اسی طرح منتشر اور بے قرار ہوں گے جیسے پروانے چراغ اور شعلے کے گرد پھیل جاتے ہیں اور ایک جگہ ٹھہر نہیں پاتے۔ یہ مثال اس دن کی شدت، اس کی دہشت اور لوگوں کے خوف کو واضح کرتی ہے۔
اسی کی ہولناکیوں میں سے ایک پہاڑوں کی کیفیت ہے۔ فرمایا: ﴿وَتَكُونُ الْجِبَالُ كَالْعِهْنِ الْمَنفُوشِ﴾ (اور پہاڑ دھنکی ہوئی رنگین اون کی طرح ہو جائیں گے۔) قیامت کے دن مضبوط اور بلند پہاڑ ایسے ہو جائیں گے جیسے دھنکی ہوئی اون جو مختلف رنگوں کی ہوتی ہے۔ ابن جریر طبری رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: عِہن سے مراد رنگ برنگی اون ہے [2]۔ یعنی پہاڑ اپنی مضبوطی کھو کر اس طرح ہلکے اور منتشر ہو جائیں گے جیسے اون کے ریشے دھنکنے کے بعد بکھر جاتے ہیں۔
پھر اللہ تعالیٰ قیامت کے دن لوگوں کے دو گروہوں کا ذکر فرماتا ہے: ایک وہ جن کی نیکیاں بھاری ہوں گی اور دوسرے وہ جن کی ہلکی۔ ارشاد فرمایا: ﴿فَأَمَّا مَن ثَقُلَتْ مَوَازِينُهُ﴾ (تو جس کے پلڑے بھاری ہو جائیں گے۔) یعنی جس کی نیکیاں اس کی برائیوں پر غالب ہوں گی ﴿فَهُوَ فِي عِيشَةٍ رَّاضِيَةٍ﴾ (وہ تو دل پسند عیش میں ہوگا۔) یعنی وہ ایسی زندگی میں ہوگا جو اسے پسند ہوگی اور جس پر وہ راضی ہوگا، یہ اس کے رب تبارک و تعالیٰ کی طرف سے عزت بھرا بدلہ ہوگا۔
اللہ تعالیٰ نے اہلِ ایمان کا حال نہایت جامع انداز میں بیان فرمایا، وہ لوگ جنہوں نے نیک اعمال کیے اور جن کی نیکیاں ان کی برائیوں پر بھاری ہو گئیں، ایسے ہر شخص کا انجام یہ ہے کہ وہ ﴿فِي عِيشَةٍ رَّاضِيَةٍ﴾ (وہ تو دل پسند عیش میں ہوگا۔) یعنی وہ ایسی زندگی میں ہوگا جو اسے پسند ہوگی، جو اس کیلئے باعثِ رضا و مسرت ہوگی، یہ اس اطاعت کا صلہ ہوگا جو اس نے دنیا میں اپنے رب عز وجل کیلئے اختیار کی تھی۔
لفظ ﴿فِي عِيشَةٍ﴾ اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ جنت کی نعمتیں متنوع اور گوناگوں ہوں گی، جبکہ ﴿رَّاضِيَةٍ﴾ اس کامل رضا اور ہمہ گیر مسرت کو ظاہر کرتا ہے جو اسے اس زندگی میں حاصل ہوگی۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۂ حاقہ میں فرمایا: ﴿فَهُوَ فِي عِيشَةٍ رَّاضِيَةٍ﴾ (وہ دل پسند آرام کی زندگی میں ہوگا۔) یعنی وہ ایسی نعمت بھری زندگی میں ہوگا جس میں اس کی خوشی اور اطمینان کامل ہو جائے گا۔ اور اسی عیش کے بارے میں فرمایا: ﴿فِي جَنَّةٍ عَالِيَةٍ﴾ (بلند و بالا جنت میں۔) یعنی وہ بلند درجات اور عالی منازل والی جنت ہوگی، جو وسعت، حسن اور دلکشی میں بے مثال ہوگی؛ اس کے باغات، نہریں، درخت اور طرح طرح کے پھل اس کی خوبصورتی کو نمایاں کریں گے۔
اسی عظیم نعمت میں سے یہ بھی ہے کہ ﴿قُطُوفُهَا دَانِيَةٌ﴾ (جس کے خوشے جھکے ہوئے ہوں گے۔) یعنی جنت کے پھل قریب ہوں گے، لینے والے کو کسی مشقت یا وسیلے کی حاجت نہ ہوگی؛ وہ جس پھل کو چاہے آسانی سے توڑ لے گا، کیونکہ وہ اس کے ہاتھ کی پہنچ میں ہوگا۔ مزید عزت و اکرام کے طور پر ان سے کہا جائے گا: ﴿كُلُوا وَاشْرَبُوا هَنِيئًا بِمَا أَسْلَفْتُمْ فِي الْأَيَّامِ الْخَالِيَةِ﴾ (خوب مزے سے کھاؤ پیو اپنے ان اعمال کے بدلے جو تم پہلے بھیج چکے تھے۔) ﴿هَنِيئًا﴾ یعنی نہ کوئی تکدر، نہ مشقت، نہ تھکن؛ اس میں نعمت کی کامل لذت کا اثبات اور ہر قسم کی ناگواری کی نفی ہے، یعنی تمہاری خوشی کو کوئی چیز مکدر نہ کرے گی۔
دوسرے گروہ کا حال بیان کرتے ہوئے فرمایا: ﴿وَأَمَّا مَنْ خَفَّتْ مَوَازِينُهُ﴾ (اور جس کے پلڑے ہلکے ہو جائیں گے۔) یعنی جس کی برائیاں غالب ہوں گی، خصوصاً اس وجہ سے کہ اس کے پاس ایمان نہ تھا ﴿فَأُمُّهُ هَاوِيَةٌ﴾ (اس کا ٹھکانا ہاویہ ہے۔) یعنی اس کا ٹھکانا جہنم کی گہری کھائی ہوگی۔ اسے ﴿أُمُّهُ﴾ اس لئے فرمایا کہ وہی اس کا ٹھکانا اور پناہ گاہ ہوگی، جیسے انسان اپنی ماں کی طرف پناہ لیتا ہے۔ اہلِ تفسیر نے ﴿فَأُمُّهُ هَاوِيَةٌ﴾ کے معنی میں کہا: یعنی اس کا سر آگ میں گرے گا اور وہ منہ کے بل جہنم میں جا پڑے گا۔ ایک قول یہ ہے کہ اس کا مسکن جہنم ہے، اور مسکن کو "ماں" اس لئے کہا گیا کہ اصل سکون ماں کے پاس ہوتا ہے[3]۔ دونوں معنی درست ہیں اور آیت کا بیان ایک ہی اسلوب میں دونوں کو سمیٹ لیتا ہے، یہی قرآن کے اعجازِ بیان اور بلاغت کا کمال ہے۔
پھر اس کا وصف مزید واضح فرمایا: ﴿هَاوِيَةٌ﴾ (گہری کھائی۔) اس لفظ میں اس کے ہول اور شدت کی عظمت کا بیان ہے، یعنی وہ ایسی گہرائی میں گرایا جائے گا جس کی انتہا دور اور نہایت گہری ہوگی۔
پھر اللہ سبحانہٗ اس کے ہول کو مزید بڑھانے کیلئے ایسا استفہام لاتا ہے جو عذاب کی عظمت کو نمایاں کرتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿وَمَا أَدْرَاكَ مَا هِيَهْ﴾ (اور تجھے کیا معلوم کہ وہ کیا ہے۔) یہ سوال تعظیم اور تہویل کیلئے ہے: کیا تم جانتے ہو ﴿فَأُمُّهُ هَاوِيَةٌ﴾ (اس کا ٹھکانا ہاویہ ہے۔) کی حقیقت کیا ہے؟ یہ خطاب ہر ایک کیلئے ہے، یعنی کون سی چیز تمہیں بتا سکتی ہے کہ ہاویہ کیا ہے؟ تم نے نہ اسے دیکھا ہے نہ اس کے عذاب کی شدت کا مشاہدہ کیا ہے۔ اس اسلوب سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جب تک انسان اسے خود نہ دیکھ لے وہ اس کے عظیم عذاب کی حقیقت کو پوری طرح نہیں جان سکتا، کیونکہ اس نے ابھی اس کی ہولناکی کو دیکھا ہی نہیں۔ اس میں اس عذاب کی شدت کو نمایاں کرنا اور خاص طور پر کافر کیلئے اس انجام سے ڈرانا مقصود ہے، ساتھ ہی اس بات کی تنبیہ بھی کہ اس عذاب سے بچنے کا راستہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور اس کے رسول محمد ﷺ کی پیروی ہے۔ نیز اس میں یہ معنی بھی ہے کہ تمہیں اس کے بارے میں خبر دے دی گئی، حالانکہ تم اس کے حقائق سے ناواقف تھے، تاکہ تم پر ڈرا کر حجت قائم کر دی جائے۔
پھر حقیقت کو واضح کرنے کیلئے فرمایا: ﴿نَارٌ حَامِيَةٌ﴾ (وہ بھڑکتی ہوئی آگ ہے۔) یعنی وہ نہایت شدید حرارت والی آگ ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اس کی شدت بیان کرتے ہوئے فرمایا: "تمہاری یہ آگ جسے ابنِ آدم جلاتا ہے جہنم کی آگ کے ستر حصوں میں سے ایک حصہ ہے" [4]۔ اس سے اللہ عزیز و حکیم کی طرف سے سخت تنبیہ کا پہلو ظاہر ہوتا ہے، اور ساتھ ہی اللہ تعالیٰ کی رحمت بھی جھلکتی ہے کہ وہ لوگوں کیلئے آخرت کے حقائق کو اس طرح بیان فرماتا ہے گویا وہ انہیں دیکھ رہے ہوں، تاکہ انہیں کفر سے ڈرائے، اس سے دور کرے، اور اپنے دینِ اسلام کی طرف راغب کرے جسے اس نے اپنے رسول محمد ﷺ پر نازل فرمایا، تاکہ وہ جنت، اس کی نعمتوں اور اس کی دائمی سعادت کو حاصل کر سکیں۔
اے اللہ! ہم تجھ سے ایسی جنت کا سوال کرتے ہیں جس میں بلا حساب داخلہ نصیب ہو اور ہر عذاب سے کامل نجات عطا ہو، اور یہی فضل تمام مسلمانوں کو بھی نصیب فرما، اے ربُّ العالمین۔
میں اللہ تعالیٰ کی حمد و شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے فضل سے مجھے اس مبارک کام کی سعادت بخشی اور سورۂ قارعہ کی تفسير كى تکمیل کی توفیق عطا فرمائی۔ اے ہمارے رب! ہم سے قبول فرما، بے شک تو ہی خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے، اور ہماری توبہ قبول فرما، یقیناً تو ہی بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔ تمام تعریفیں اللہ ربُّ العالمین کے لئے ہیں، اور درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد پر اور آپ کی تمام آل پر ۔
حاشيه:
[1] القرطبي، الجامع لأحكام القرآن (٢٠/١١٢)
[2] الطبري، جامع البيان عن تأويل آي القرآن (٢٤/٥٩٤)
[3] ابن الجوزي، زاد المسير في علم التفسير (٨/٢٩٩)
[4] البخاري، الجامع الصحيح (٣٢٦٥)؛ مسلم، الصحيح (٢٨٤٣)