مَدَنِيّ · ۸ آیات · ۹۹

الزلزال

الزلزلة

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

إِذَا زُلۡزِلَتِ ٱلۡأَرۡضُ زِلۡزَالَهَا ١ وَأَخۡرَجَتِ ٱلۡأَرۡضُ أَثۡقَالَهَا ٢ وَقَالَ ٱلۡإِنسَٰنُ مَا لَهَا ٣ يَوۡمَئِذٖ تُحَدِّثُ أَخۡبَارَهَا ٤ بِأَنَّ رَبَّكَ أَوۡحَىٰ لَهَا ٥ يَوۡمَئِذٖ يَصۡدُرُ ٱلنَّاسُ أَشۡتَاتٗا لِّيُرَوۡاْ أَعۡمَٰلَهُمۡ ٦ فَمَن يَعۡمَلۡ مِثۡقَالَ ذَرَّةٍ خَيۡرٗا يَرَهُۥ ٧ وَمَن يَعۡمَلۡ مِثۡقَالَ ذَرَّةٖ شَرّٗا يَرَهُۥ ٨ [سورة الزلزلة : 1-8]

(جب زمین اپنی پوری شدت کے ساتھ ہلا دی جائے گی۔ اور زمین اپنے بوجھ باہر نکال پھینکے گی۔ اور انسان کہے گا اسے کیا ہوگیا ہے؟ اس دن وہ اپنی خبریں بیان کرے گی۔ اس لیے کہ تیرے رب نے اسے حکم دیا ہوگا۔ اس دن لوگ مختلف حالتوں میں واپس لوٹیں گے تاکہ انہیں ان کے اعمال دکھائے جائیں۔ سو جو شخص ذرہ برابر نیکی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا۔ اور جو شخص ذرہ برابر برائی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا۔) [سورة الزلزلة : 1-8]

سورۂ زلزلہ میں قبروں سے اٹھائے جانے، لوگوں کے جدا جدا ہو کر نکلنے اور اپنے اعمال دیکھنے کے لیے حاضر ہونے کا بیان ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ﴿إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ زِلْزَالَهَا﴾ جب زمین اپنی پوری شدت کے ساتھ ہلا دی جائے گی، یعنی قیامت کے دن صور کی آواز سن کر زمین سخت اضطراب اور زبردست حرکت سے کانپ اٹھے گی، یہاں تک کہ پہاڑ ریزہ ریزہ ہوجائیں گے اور اس پر موجود ہر چیز ٹوٹ پھوٹ جائے گی، کوئی چیز اپنی جگہ قائم نہ رہے گی۔

پھر دوبارہ لرزے گی اور اپنے بوجھ نکال دے گی: ﴿وَأَخْرَجَتِ الْأَرْضُ أَثْقَالَهَا﴾ یعنی زمین اپنے اندر کے تمام بوجھ باہر نکال دے گی، اور اس سے مراد انسانوں کے مردے ہیں۔ امام ابن جریر طبری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: زمین اپنے پیٹ میں موجود مردوں کو زندہ حالت میں نکال دے گی، کیونکہ مردہ جب زمین کے اندر ہو تو وہ اس پر بوجھ ہوتا ہے، اور جب اس کی پشت پر زندہ ہو تو تب بھی اس پر بوجھ ہوتا ہے۔ [1]

بیان میں "بوجھ" کی نوعیت کو صراحت سے ذکر نہیں کیا گیا تاکہ ہیبت اور خوف میں اضافہ ہو۔ ابن عاشور رحمہ اللہ کہتے ہیں: یہاں ظاہر لفظ لانے میں مقصود ہیبت پیدا کرنا ہے۔[2] چنانچہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ﴿أَثْقَالَهَا﴾ فرمایا، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان زمین پر ایک وزن اور بوجھ کی حیثیت رکھتا ہے۔

پھر اللہ تعالیٰ انسان کی کیفیت بیان کرتا ہے جب وہ زمین کی اس غیر معمولی حالت کو دیکھے گا: ﴿وَقَالَ الْإِنسَانُ مَا لَهَا﴾ انسان کہے گا: اسے کیا ہوگیا؟ یہ تعجب اور گھبراہٹ کا سوال ہوگا، کیونکہ وہ اس کے غیر معمولی حال اور ہولناک منظر سے حیران ہوگا۔ اس انسان کے حیران و پریشان ہونے سے واضح ہوتا ہے کہ یہ قیامت کی زلزلہ ہے جو بڑی نشانیوں میں سے ہے۔

پھر دوسرے صور کے بعد لوگ حساب کے لیے قبروں سے نکلیں گے۔ امام قرطبی رحمہ اللہ نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے نقل کیا ہے کہ وہ فرماتے تھے: پہلا صور میں زمین ہلائی جائے گی، پھر دوسری مرتبہ ہلے گی تو اپنے مردے نکال دے گی، اور یہی "بوجھ" ہیں۔

اسی طرح ابنِ عباس اور مجاہد سے مروی ہے ﴿أَثْقَالَهَا﴾ كا مطلب يه ہے کہ مردے كو انہیں دوسرے نفخہ میں نکالے گی، اسی مناسبت سے انسانوں اور جنوں کو ثقلان کہا گیا ہے [3]۔

بیانِ کریم میں دونوں نفخوں کا احاطہ موجود ہے: پہلا اس لمحے جب انسان سوال کرے گا ﴿وَقَالَ الْإِنسَانُ مَا لَهَا﴾ (اور انسان کہے گا اسے کیا ہو گیا ہے۔) دوسرا اس وقت جب زمین اپنے بوجھ نکال دے گی۔

سورۂ یٰس میں بعث کے موقع پر ان کی حیرت کا ذکر آیا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے بارے میں فرمایا: ﴿قَالُوا يَا وَيْلَنَا مَن بَعَثَنَا مِن مَّرْقَدِنَا هَٰذَا مَا وَعَدَ الرَّحْمَٰنُ وَصَدَقَ الْمُرْسَلُونَ﴾ (وہ کہیں گے ہائے ہماری خرابی! ہمیں ہمارے خواب گاہوں سے کس نے اٹھا دیا؟ یہی ہے جس کا وعدہ رحمٰن نے دیا تھا اور رسولوں نے سچ کہا تھا۔) آیتِ کریمہ نے ظاہر کر دیا کہ وہ سوئے ہوئے تھے ﴿مَن بَعَثَنَا مِن مَّرْقَدِنَا﴾ (ہمیں ہمارے خواب گاہوں سے کس نے اٹھا دیا؟) یعنی ہمیں ہماری قبروں سے کس نے نکالا۔

مفسرین رحمہم اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: انہوں نے یہ بات اس لئے کہی کہ اللہ تعالیٰ دونوں نفخوں کے درمیان ان سے عذاب اٹھا لے گا۔ ابی بن کعب فرماتے ہیں: بعث سے پہلے وہ ایک نیند سوئیں گے، پھر جب اٹھائے جائیں گے تو یہی کہیں گے [4] تاکہ دوسری نفخہ کی اچانک ہیبت انہیں اس حال میں لے آئے جس میں وہ اپنے رب کی طرف دوڑتے ہوں گے، مغلوب و بے اختیار۔

یہ سوال اس ناگہانی منظر کی طرف اشارہ ہے جس پر کافر حیران ہوں گے، جس کی انہیں کوئی توقع نہ تھی؛ ساتھ ہی اس میں حسرت، درد اور ندامت کی کیفیت بھی جھلکتی ہے اس انجام کو دیکھ کر جو اللہ تعالیٰ نے کافروں کے لئے تیار کر رکھا ہے۔ یوں وہ اپنی اسی نیند پر باقی رہنے کی آرزو کریں گے۔ اللہ تعالیٰ آگاہ فرماتا ہے کہ اس وقت کی شدتِ ہول ایسی ہوگی کہ اس کے واقعات اور خبریں سب پر اس حقیقت کو کھول دیں گی، انسان انہی نشانیوں سے جان لے گا کہ یہی قیامت کا دن ہے اور یہی حساب و جزا کیلئے اٹھایا جانا ہے۔ ارشاد ہے: ﴿يَوْمَئِذٍ تُحَدِّثُ أَخْبَارَهَا﴾ (اس دن وہ اپنے حالات بیان کر دے گی۔) اس دن زمین زلزلہ اور لرزش کے ساتھ اپنے حالات ظاہر کرے گی، مردوں کو اپنے پیٹ سے اپنی پشت کی طرف نکال دے گی۔

ابن جریر طبری رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿تُحَدِّثُ﴾ کا مفہوم سعید بن جبیر کے نزدیک یہ ہے کہ وہ بیان کرے گی، اور اس کا بیان کرنا یہی ہے کہ اپنے بوجھ اپنے پیٹ سے اپنی پشت کی طرف نکال دے۔ یہ قول معنی کے اعتبار سے درست ہے — اس تفسیر پر کلام کا حاصل یہ ہے کہ اس دن زمین زلزلہ اور جنبش کے ساتھ اپنے حالات ظاہر کرے گی، مردوں کو اپنے پیٹ سے اپنی پشت کی طرف نکالے گی، اللہ کی طرف سے اس کی طرف وحی اور اجازت کے سبب۔ یہی مفہوم ہے اس فرمانِ الٰہی کا ﴿يَوْمَئِذٍ تُحَدِّثُ أَخْبَارَهَا﴾ (اس دن وہ اپنے حالات بیان کر دے گی۔) ایک قول یہ ہے کہ زمین ان اعمال کو بیان کرے گی جو اس پر چلنے والوں میں سے اہلِ طاعت اور اہلِ معصیت نے انجام دیے، جو کچھ انہوں نے اس پر بھلائی یا برائی کی [5]۔

پھر اللہ تعالیٰ خبر دیتا ہے کہ زمین میں جو کچھ تبدیلی واقع ہوگی وہ اس حکم کے سبب ہوگی جو اللہ تعالیٰ اسے دے گا۔ چنانچہ ارشاد فرمایا: ﴿بِأَنَّ رَبَّكَ أَوْحَى لَهَا﴾ (اس لئے کہ تیرے رب نے اسے حکم دیا ہوگا۔) یعنی اسے حکم دیا، تو اس نے اپنے اندر کی چیزیں باہر ڈال دیں اور ان سے خالی ہو گئی۔ ہر چیز اللہ تعالیٰ کی مشیت کے مطابق ہوتی ہے۔ ہر شے بول اٹھتی ہے جب اللہ تعالیٰ اسے بولنے کا ارادہ فرمائے۔ اسی کے لئے بادشاہت ہے، اسی کے لئے حکم اور اقتدار ہے۔


اللہ تعالیٰ حساب کے بعد لوگوں کے لوٹنے کا حال بیان فرماتا ہے۔ ارشاد ہے: ﴿يَوْمَئِذٍ يَصْدُرُ النَّاسُ أَشْتَاتًا لِيُرَوْا أَعْمَالَهُمْ﴾ (اس دن لوگ جدا جدا ہو کر لوٹیں گے تاکہ انہیں ان کے اعمال دکھا دیے جائیں۔) صدور کے معنی لوٹنا ہیں، اور یہ ورود کی ضد ہے، یعنی وہ حساب کے موقف سے لوٹیں گے ﴿أَشْتَاتًا﴾ (جدا جدا) یعنی گروہوں کی صورت میں۔ اہلِ ایمان الگ، اہلِ کفر الگ ﴿لِيُرَوْا أَعْمَالَهُمْ﴾ (تاکہ انہیں ان کے اعمال دکھا دیے جائیں۔) ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: یعنی انہیں اپنے اعمال کا بدلہ دکھایا جائے گا۔ مراد یہ ہے کہ وہ موقف سے جدا جدا لوٹیں گے تاکہ جنت اور جہنم میں اپنے اپنے ٹھکانوں پر پہنچیں[6] کیونکہ صدور رجوع ہی کو کہتے ہیں اور یہ ورود کی ضد ہے۔

اللہ تعالیٰ بیان فرماتا ہے کہ اس کے عدل کی باریکی کا تقاضا ہے کہ وہ ہر چھوٹی چیز کا بدلہ دیتا ہے خواہ وہ کتنی ہی معمولی ہو، جیسے ہر بڑی چیز کا بدلہ دیتا ہے خواہ وہ کتنی ہی بڑی ہو۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿فَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَرَهُ﴾ (تو جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی وہ اسے دیکھ لے گا۔) جو شخص کوئی چھوٹا یا معمولی سا بھی نیکی کا کام کرے گا وہ اسے ضرور دیکھ لے گا، خواہ وہ نیکی کتنی ہی کم اور حقیر کیوں نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ کے عدل کی باریکی اور بندوں کے اعمال کے دقیق حساب کا تقاضا یہی ہے کہ وہ اپنی ہر نیکی کو دیکھیں گے، چاہے وہ انتہائی چھوٹی ہی کیوں نہ ہو، ذرہ کے برابر، جو حجم میں نہایت چھوٹا ذرہ ہے۔

اسی طرح وہ اپنے برے اعمال بھی دیکھیں گے۔ فرمایا: ﴿وَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا يَرَهُ﴾ (اور جس نے ذرہ برابر برائی کی ہوگی وہ اسے دیکھ لے گا۔) جس طرح انہوں نے اپنی نیکیاں دیکھ لیں اسی طرح وہ ہر برائی بھی دیکھیں گے جو انہوں نے کی ہوگی، چاہے وہ کتنی ہی معمولی اور چھوٹی کیوں نہ ہو، ذرہ کے برابر جو جسامت میں نہایت حقیر ذرہ ہے۔

سیاق کی باریکیوں میں سے ایک لطیف نکتہ یہ ہے کہ بیان نے نیکی اور بدی کے اعمال کو دیکھنے کا ذکر کیا مگر جزا کا ذکر نہیں کیا، کیونکہ مؤمن اور کافر کے حالات اس معاملے میں مختلف ہوں گے۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: دنیا میں کوئی مؤمن یا کافر ایسا نہیں جس نے کوئی نیکی یا برائی کی ہو مگر اللہ تعالیٰ اسے وہ دکھا دے گا؛ مؤمن کو اس کی نیکیاں اور برائیاں دکھائے گا، پھر اللہ تعالیٰ اس کی برائیاں معاف فرما دے گا؛ جبکہ کافر کی نیکیاں لوٹا دی جائیں گی اور اسے اس کی برائیوں پر عذاب دیا جائے گا [7] کیونکہ اس کی نیکیاں اس کے کفر کے سبب قبول نہیں ہوتیں۔ یہ بات واضح کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ بندوں کے اعمال کا کس قدر دقیق حساب رکھتا ہے، اور یہ کہ کافر کو کسی نیکی سے فائدہ نہیں پہنچتا کیونکہ اس نے سب سے بڑا گناہ یعنی کفر کیا۔ بیانِ کریم نے مؤمنوں پر اللہ سبحانہٗ کی عظیم رحمت کو بھی ظاہر کیا ہے، اس کے کامل عدل کے ساتھ۔ اس بیان نے کفر سے ڈرانے کو نہایت بلند درجہ پر رکھا، یہ بتاتے ہوئے کہ کافر کا انجام آگ ہے اور مؤمن کا انجام جنت۔

اے اللہ! ہم تجھ سے جنت کا سوال کرتے ہیں اور ہر اس قول و عمل کی توفیق چاہتے ہیں جو ہمیں اس کے قریب کر دے۔ ہم تیری رحمت کے وسیلے سے آگ سے پناہ مانگتے ہیں۔ اے سب سے بڑھ کر رحم فرمانے والے، اے ربُّ العالمین، ہمیں اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرما۔

میں اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا اور دل کی گہرائیوں سے شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے فضل و کرم سے مجھے اس مبارک کام کی سعادت بخشی اور سورۂ زلزلہ کی تفسير كى تکمیل کی توفیق عطا فرمائی۔

اے ہمارے رب! ہم سے اسے قبول فرما، بے شک تو ہی خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے۔ ہماری توبہ قبول کر لے، یقیناً تو ہی بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔

تمام تعریفیں اللہ ربُّ العالمین کے لئے ہیں، اور درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد پر، آپ کی آل پر اور آپ کے تمام اصحاب پر۔


حاشيه:

[1] الطبري، جامع البيان عن تأويل آي القرآن (٥٥٨/٢٤)

[2] ابن عاشور، التحرير والتنوير (٧٨٢/١٢)

[3] القرطبي، الجامع لأحكام القرآن (٢٠/١٠٠)

[4] ابن الجوزي، زاد المسير في علم التفسير (٦/٢٧٥)

[5] الطبري، جامع البيان عن تأويل آي القرآن (٢٤/٥٦٠)

[6] ابن الجوزي، زاد المسير في علم التفسير (٨/٢٩٣)

[7] الطبري، جامع البيان عن تأويل آي القرآن (٢٤/٥٦٣)