مَكِّيّ · ۳ آیات · ۱۰۳

العصر

العصر

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

وَٱلۡعَصۡرِ ١ إِنَّ ٱلۡإِنسَٰنَ لَفِي خُسۡرٍ ٢ إِلَّا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّٰلِحَٰتِ وَتَوَاصَوۡاْ بِٱلۡحَقِّ وَتَوَاصَوۡاْ بِٱلصَّبۡرِ ٣ [سورة العصر : 1-3]

(قسم ہے زمانے کی۔ بیشک انسان یقیناً خسارے میں ہے۔ سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور نیک عمل کیے اور آپس میں حق کی تاکید کرتے رہے اور آپس میں صبر کی نصیحت کرتے رہے۔) [سورةالعصر:1-3].

سورۂ عصر کا آغاز اللہ تعالیٰ نے قسم سے فرمایا، ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿وَالْعَصْرِ﴾ (قسم ہے زمانے کی۔) یعنی اللہ جل جلالہٗ نے عصر کی قسم کھائی۔ “عصر” کے مفہوم میں مفسرین نے متعدد معانی بیان کیے ہیں، جیسا کہ ابن جریر طبری، قرطبی، ابن الجوزی اور دیگر رحمہم اللہ نے ذکر کیا ہے، اور امام قرطبی رحمہ اللہ تعالیٰ نے ان اقوال کو شواہد کے ساتھ جمع کیا ہے۔ اس لفظ کے تحت مختلف اوقات شامل ہو جاتے ہیں: ایک قول کے مطابق اس سے مراد زمانہ ہے، ایک قول میں دن کا ایک حصہ، ایک میں رات اور دن دونوں، ایک میں صبح و شام، ایک میں دن کی آخری گھڑی، ایک میں سورج ڈھلنے سے غروب تک کا وقت، اور ایک قول میں اس سے مراد عصر کی نماز ہے [1]۔

اس تنوع سے معلوم ہوتا ہے کہ لفظ ﴿الْعَصْرِ﴾ اپنے اندر وقت کی تمام حالتوں کو سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ قرآن کے اسلوب کی جامعیت اور بلاغت کا مظہر ہے کہ ایک لفظ میں پورے زمانے کی وسعت بھی آ گئی اور عصر کی نماز کا شرف بھی شامل ہو گیا، جو نمازِ وسطیٰ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایک ہی لفظ کے ذریعے ان تمام معانی کو شامل فرما لیا اور کسی ایک معنی کو خاص نہیں کیا، کیونکہ یہ سب اسی کے پیدا کیے ہوئے اور اسی کی ملکیت ہیں۔ اللہ تعالیٰ کو اختیار ہے کہ وہ اپنی مخلوق میں سے جس چیز کی چاہے قسم کھائے، جبکہ انسان کو یہ حق حاصل نہیں؛ انسان کیلئے جائز نہیں کہ وہ اللہ کے سوا کسی اور کی قسم کھائے، کیونکہ غیر اللہ کی قسم کھانا شرک ہے۔

پھر قسم کے بعد اس بات کا بیان آتا ہے جس پر قسم کھائی گئی، تاکہ اس کی اہمیت اور عظمت واضح ہو جائے۔ چنانچہ فرمایا: ﴿إِنَّ الْإِنسَانَ لَفِي خُسْرٍ﴾ (بیشک انسان یقیناً خسارے میں ہے۔) یعنی انسان کی جنس بحیثیت مجموعی خسارے میں ہے، ایسا خسارہ جو ہلاکت، عذاب، اور جنت کی دائمی نعمتوں سے محرومی کا سبب بن سکتا ہے۔

اس بیان میں ایسی صراحت اور زور ہے جو انسان کو متوجہ اور مشتاق کر دیتا ہے کہ آگے کیا حقیقت بیان ہونے والی ہے، کیونکہ اللہ سبحانہٗ نے خسارے کے اس عام حکم کے بعد ان لوگوں کو مستثنیٰ فرمایا جو چار صفات سے متصف ہیں۔ چنانچہ ارشاد فرمایا: ﴿إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ﴾ (سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور نیک عمل کیے اور آپس میں حق کی تاکید کرتے رہے اور آپس میں صبر کی نصیحت کرتے رہے۔)

اللہ تعالیٰ نے اس خسارے سے انہی لوگوں کو مستثنیٰ کیا جو ان چار اوصاف کے حامل ہوں۔ پہلا وصف ایمان ہے: ﴿إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا﴾ یعنی وہ لوگ جو دل سے تصدیق کرتے ہیں اور ایمان کے تمام تقاضوں اور حقائق کو بلا استثناء مانتے ہیں؛ يعنى اللہ تعالیٰ پر ایمان، اس کے رسول محمد ﷺ پر ایمان، قرآن پر ایمان، قیامت، بعث، حساب، جزا، جنت و جہنم، اس کی کتابوں اور رسولوں پر ایمان، اور ایمان سے متعلق ہر حقیقت کو تسلیم کرنا۔

دوسرا وصف ہے: ﴿وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ﴾ (اور نیک عمل کیے۔) یعنی اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے ذریعے اس کی عبادت کرنا۔ “صالحات” سے مراد وہ تمام اعمال ہیں جن کا اللہ تعالیٰ نے حکم دیا، کیونکہ جو کچھ اللہ نے حکم دیا وہ سب نیکی اور بھلائی ہے۔ اس طرح لفظ "صالحات" اس کے پورے دین اور شریعت کو محیط ہو جاتا ہے، اس کے تمام اوامر و نواہی سمیت۔ اس میں اس حقیقت کا اعلان ہے کہ اللہ تعالیٰ کے منہج میں کسی باطل کا شائبہ نہیں، اور جو کچھ اس میں ہے وہ فرد اور معاشرے دونوں کیلئے دنیا و آخرت میں سراسر بھلائی ہے۔

آیت کے الفاظ ﴿إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ﴾ ایمان اور عملِ صالح کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتے ہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان دونوں کو حرفِ عطف کے ذریعے جمع فرمایا۔ اس سے واضح ہوا کہ سچا ایمان وہی ہے جو اللہ، اس کے رسول اور اس کی شریعت کی تصدیق کے ساتھ ان اعمال کو بھی شامل کرے جو اللہ نے فرض، سنت اور مستحب کی صورت میں مشروع فرمائے ہیں۔ اس طرح ایمان اور عملِ صالح ایک دوسرے کے مددگار بن جاتے ہیں اور اطاعت و امتثال میں باہم جمع ہو جاتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کے اعمال کو “صالحات” فرمایا کیونکہ اس کے حکم کردہ تمام اعمال نفس کی اصلاح، اللہ کے ساتھ تعلق کی درستی اور بندوں کے ساتھ حسنِ معاملہ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ یہی اس بات کا اعلان ہے کہ اللہ کے منہج سے باطل بالکل دور ہے اور اس کی تعلیمات میں فرد و معاشرہ دونوں کی بھلائی ثابت ہے۔ یہ مختصر مگر جامع الفاظ ﴿آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ﴾ اپنے اندر پورا منہجِ الٰہی سموئے ہوئے ہیں۔ یہ بیان اہلِ ایمان کو اطاعت پر قائم رہنے اور ہر اس کام کی طرف سبقت کرنے کی ترغیب دیتا ہے جو اللہ تعالیٰ کو محبوب اور پسندیدہ ہو، اور یہ اس کے اطاعت گزار بندوں پر اس کا عظیم فضل ہے۔ اسی طرح یہ کافروں کو بھی دعوت دیتا ہے کہ وہ اسلام میں داخل ہونے اور اللہ کے اس دین کی پیروی میں جلدی کریں جسے اس نے اپنے رسول محمد ﷺ پر نازل فرمایا۔

تیسری صفت یہ ہے: ﴿وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ﴾ (اور آپس میں حق کی تاکید کرتے رہے۔) یعنی وہ لوگ جو ایک دوسرے کو اس حق کی نصیحت کرتے ہیں جس پر عمل کرنا واجب ہے، اور سب سے بڑھ کر اس میں قرآنِ عظیم شامل ہے۔ قتادہ رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: حق سے مراد اللہ کی کتاب ہے [2]۔ یعنی وہ ایک دوسرے کو اللہ کی کتاب اور اس کے رسول محمد ﷺ کی سنت کی نصیحت کرتے ہیں، کیونکہ قرآن کا سارا بیان حق ہے، اور رسول اللہ ﷺ کی پوری زندگی اسی حق پر قائم تھی۔ اسی حقیقت کو اللہ تعالیٰ نے سورۂ قلم میں یوں بیان فرمایا: ﴿وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيمٍ﴾ (اور بے شک آپ عظیم الشان اخلاق پر ہیں۔) یعنی آپ عظیم دین اور اعلیٰ اخلاق پر قائم ہیں۔ ابن کثیر رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: اس کا معنی یہ ہے کہ آپ عظیم دین پر ہیں، اور وہ دین اسلام ہے [3]۔ یعنی رسول اللہ ﷺ اپنی تمام معاملات اور رویّوں میں قرآن کے عملی نمونہ تھے۔ یہی بات ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے اس شخص سے فرمائی جس نے آپ ﷺ کے اخلاق کے بارے میں پوچھا: "کیا تم قرآن نہیں پڑھتے؟ اس نے کہا: کیوں نہیں۔ انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ کا اخلاق قرآن تھا" [4]۔ ابن تیمیہ رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: وہ عظیم خُلق جس سے اللہ تعالیٰ نے محمد ﷺ کو متصف فرمایا، وہ ایسا جامع دین ہے جس میں ہر وہ چیز شامل ہے جس کا اللہ نے حکم دیا ہے؛ یہی تفسیر مجاہد وغیرہ نے بیان کی اور یہی قرآن کا مفہوم ہے جیسا کہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا [5]۔ الغرض رسول اللہ ﷺ قرآن کے احکام کے کامل پیکر تھے۔

چوتھی صفت یہ ہے: ﴿وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ﴾ (اور آپس میں صبر کی نصیحت کرتے رہے۔) یعنی وہ لوگ جو ایک دوسرے کو صبر کی تلقین کرتے ہیں: اللہ کی اطاعت پر صبر، گناہ سے بچنے پر صبر، اللہ تعالیٰ کی تقدیر پر صبر، اور زندگی کے معاملات میں ثابت قدمی۔ اس میں ہر وہ میدان شامل ہے جس میں انسان کو ثابت قدمی درکار ہوتی ہے، جیسے خیر کے کاموں میں خرچ کرنا، حلال روزی کمانا اور دیگر نیک اعمال۔

صبر، بے صبری کی ضد ہے؛ اس کا معنی ہے نفس کو بے قراری سے روکنا۔ جبکہ "تصبّر" کا مطلب ہے صبر کو اختیار کرنے کی کوشش کرنا [6]۔ ابن قیم رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: صبر نفس کے اعلیٰ اخلاق میں سے ایک عظیم خُلق ہے، جس کے ذریعے انسان برے اور نامناسب کاموں سے رُک جاتا ہے، اور یہی نفس کی ان قوتوں میں سے ہے جن سے اس کے معاملات درست اور اس کی حالت سنورتی ہے [7]۔

یہ تعلیم مؤمن کو بتاتی ہے کہ وہ خود بھی صبر اختیار کرے اور دوسروں کو بھی اس کی نصیحت کرے، مشکلات کے مقابلے میں ثابت قدم رہے، لوگوں کے رویّوں کا جواب حلم اور دانائی سے دے، اور غصے سے بچے کیونکہ غصہ تعلقات کو توڑ دیتا اور مقاصد کو ضائع کر دیتا ہے۔ صبر ایسا وصف ہے جس کے ذریعے دانا انسان لوگوں کے ساتھ حسنِ معاشرت قائم رکھتا ہے۔ بندہ اپنے رب سے مدد، توفیق اور استقامت مانگتا ہے، کیونکہ وہی حق اور بھلائی تک پہنچانے والا بہترین مددگار ہے۔ یہی بیان رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی پیروی کی اہمیت کو بھی واضح کرتا ہے، کیونکہ آپ ﷺ صبر، حق اور حسنِ اخلاق کے کامل نمونہ تھے۔

ان ربانی ہدایات نے وہ بنیادیں اور اصول واضح کر دیے ہیں جن پر چلنا ہر اس شخص کیلئے لازم ہے جو اس کھلے خسارے سے بچنا چاہتا ہے جس سے اللہ تعالیٰ نے بعض لوگوں کو مستثنیٰ فرمایا ہے۔ ارشاد ہے: ﴿إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ﴾ (سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور نیک عمل کیے اور آپس میں حق کی تاکید کرتے رہے اور آپس میں صبر کی نصیحت کرتے رہے۔) ان اصولوں کی پابندی انسان کو آخرت کے خسارے سے محفوظ کر دیتی ہے، اور یہی چار قواعد اسے دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی عطا کرتے ہیں۔

یہ بھی واضح ہوا کہ یہی چار عظیم اصول دعوت الی اللہ کی راہ میں کامیابی کی اساس ہیں، زندگی کے مختلف میدانوں میں درست رویّے کی بنیاد ہیں، اور لوگوں کے ساتھ معاملات کے بہترین معیار بھی۔ انہی کے ذریعے انسان اپنے مقاصد کو اعلیٰ ترین معیار اور بہترین انداز میں حاصل کر سکتا ہے، کیونکہ ان میں نفس کی اصلاح، اطاعت و فرمانبرداری کا التزام، مکارمِ اخلاق کا التزام اور کتاب و سنت کے منہج کی پیروی جمع ہو جاتی ہے — اور یہی وہ راستہ ہے جو حقیقی کامیابی اور فلاح تک پہنچاتا ہے۔

میں اللہ تعالیٰ کی حمد و شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے فضل سے مجھے اس مبارک کام کی سعادت بخشی اور سورۂ عصر کی تفسير كى تکمیل کی توفیق عطا فرمائی۔ اے ہمارے رب! ہم سے قبول فرما، بے شک تو ہی خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے، اور ہماری توبہ قبول فرما، یقیناً تو ہی بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔ تمام تعریفیں اللہ ربُّ العالمین کے لئے ہیں، اور درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد پر اور آپ کیتمام آل پر ۔


حاشيه:

[1] القرطبي، الجامع لأحكام القرآن (٢٠/١٢٢)

[2] الطبري، جامع البيان عن تأويل آي القرآن (٢٤/٥٩٨)

[3] ابن كثير، تفسير القرآن العظيم (٤/٤٢٩)

[4] مسلم، الصحيح (٧٤٦)

[5] ابن تيمية، مجموع الرسائل الكبرى (١/٢٣٤)

[6] ابن منظور، لسان العرب (٤/٤٣٨-٤٣٩)

[7] ابن قيم الجوزية، عدة الصابرين، ص ١٦