مَدَنِيّ · ۳ آیات · ۱۱۰

النصر

النصر

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

إِذَا جَآءَ نَصۡرُ ٱللَّهِ وَٱلۡفَتۡحُ ١ وَرَأَيۡتَ ٱلنَّاسَ يَدۡخُلُونَ فِي دِينِ ٱللَّهِ أَفۡوَاجٗا ٢ فَسَبِّحۡ بِحَمۡدِ رَبِّكَ وَٱسۡتَغۡفِرۡهُۚ إِنَّهُۥ كَانَ تَوَّابَۢا ٣ [سورة النصر : 1-3]


(جب اللہ کی مدد اور فتح آ پہنچے۔ اور تو لوگوں کو دیکھ لے کہ وہ فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں۔ تو اپنے رب کی تسبیح اور حمد بیان کر اور اس سے مغفرت طلب کر۔ بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے۔) [سورةالنصر : 1-3].


اللہ تعالیٰ نے سورۂ نصر کا آغاز رسول اللہ ﷺ کو فتح و نصرت کی بشارت دے کر فرمایا، اور یہ بات آپ کے لیے نہایت دلکش اسلوبِ تشویق میں بیان ہوئی۔ چنانچہ اللہ عزّوجلّ نے فرمایا: ﴿إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ﴾ (جب اللہ کی مدد اور فتح آ پہنچے۔) یعنی جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے تمہیں دشمنوں پر نصرت حاصل ہو جائے اور مکہ مکرمہ کی فتح واقع ہو جائے۔

مزید فرمایا: ﴿وَرَأَيْتَ النَّاسَ يَدْخُلُونَ فِى دِينِ اللَّهِ أَفْوَاجًا﴾ (اور تو لوگوں کو دیکھ لے کہ وہ فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں۔) یعنی تم لوگوں کو دیکھو کہ وہ گروہ در گروہ اللہ تعالیٰ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں، ایک جماعت کے بعد دوسری جماعت کثرت سے آ رہی ہے۔

اس کے بعد ارشاد ہوا: ﴿فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ ۚ إِنَّهُ كَانَ تَوَّابًا﴾ (تو اپنے رب کی تسبیح اور حمد بیان کر اور اس سے مغفرت طلب کر۔ بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے۔) یعنی اپنے رب کی تسبیح، اس کی حمد، اس کے لیے نماز کا اہتمام زیادہ کرو، استغفار کی کثرت رکھو، کیونکہ تمہارا رب اے رسول ﷺ اپنے بندوں میں سے استغفار کرنے والوں کے لیے توبہ قبول کرنے والا اور بخشنے والا ہے۔

یہ سورتِ مبارکہ اسلوبِ تشویق کے انداز میں شروع ہوئی، اس کا آغاز حرف ﴿إِذَا﴾ سے کیا گیا جو تحقق پر دلالت کرتا ہے۔ قرطبی رحمہ اللہ نے ﴿إِذَا﴾ کے متعلق فرمایا کہ يه قد کے معنی میں ہے، یعنی: یقیناً اللہ کی مدد آ گئی.[1]

﴿إِذَا جَاّ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ﴾ (جب اللہ کی مدد اور فتح آ پہنچے۔) نصر سے مراد دشمنوں پر غلبہ پانا، انہیں شکست دینا اور فتح کا واقع ہونا ہے، اور اس فتح سے مراد فتح مکہ ہے۔ مجاہد رحمہ اللہ سے مروی ہے کہ اس سے مراد فتح مکہ ہے [2]۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ تھا، جو اس نے اپنے رسول ﷺ سے فرمایا تھا، پھر وہ وعدہ پورا ہوا تاکہ اس کا تحقق قیامت تک تمام لوگوں پر اللہ تعالیٰ کی نشانی اور حجت بن جائے۔

اسی لیے جب اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول محمد ﷺ کے لیے مکہ مکرمہ فتح فرما دیا تو عربوں نے کہا: جب محمد ﷺ اہلِ حرم پر غالب آ گئے، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اصحابِ فیل سے بچایا تھا، تو اب تم میں ان سے مقابلے کی طاقت نہیں۔ چنانچہ لوگ اللہ کے دین میں فوج در فوج داخل ہونے لگے [3]۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَرَأَيْتَ النَّاسَ يَدْخُلُونَ فِى دِينِ اللَّهِ أَفْوَاجًا﴾ (اور تو لوگوں کو دیکھ لے کہ وہ فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں۔)

یعنی تم لوگوں کو دیکھتے ہو کہ وہ جماعت در جماعت اللہ تعالیٰ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں، کثرت کی بنا پر ایک گروہ کے بعد دوسرا گروہ آ رہا ہے۔

مزید فرمایا: ﴿فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ ۚ إِنَّهُ كَانَ تَوَّابًا﴾ (تو اپنے رب کی تسبیح اور حمد بیان کر اور اس سے مغفرت طلب کر۔ بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے۔) اس میں اللہ تعالیٰ اپنے نبی و رسول محمد ﷺ کو تسبیح کا حکم دیتا ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کو یاد کرنا اس حال میں کہ اس کی پاکی بیان کی جائے۔ اپنے رب کی تسبیح اور حمد اپنے تمام معاملات میں اختیار کرو۔

تسبیح میں زبان سے ذکر، دل سے ذکر، عمل کے ساتھ ذکر یعنی نماز اور تمام عبادات شامل ہیں۔ یہاں تسبیح سے مراد نماز ہونا بھی کہا گیا ہے، یہ قول ابن عباس کا ہے۔ دوسرا قول یہ ہے کہ اس سے معروف تسبیح مراد ہے، یہ جماعتی مفسرین کا قول ہے۔

مفسرین نے بیان کیا کہ جب یہ سورت نازل ہوئی تو نبی ﷺ کو اپنی وفات کے قریب ہونے کی خبر دے دی گئی۔ اسی لیے تسبیح اور استغفار کا حکم دیا گیا تاکہ آپ کی عمر کا اختتام نیک اعمال میں زیادتی کے ساتھ ہو۔ ابن عباس نے فرمایا: ﴿إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ﴾ (جب اللہ کی مدد اور فتح آ پہنچے۔) یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اطلاع ہے اور دنیا سے رخصتی کی خبر ہے۔ قتادہ كا قول ہے کہ اس سورت کے نازل ہونے کے بعد آپ ﷺ دو سال زندہ رہے [4]۔ اس سے ذکر کی اہمیت، اس کے فائدے، مومن کے لیے اسے باعث قوت ہونا ثابت ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے ذاکرین کے درجات بلند کرتا ہے، مصیبتیں دور فرماتا ہے، خیر عطا کرتا ہے، مرتبہ اور مقام بلند کرتا ہے۔

اس ارشادِ کریم میں تسبیح کے بعد استغفار کا حکم بھی شامل ہے: ﴿فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ﴾ (تو اپنے رب کی تسبیح اور حمد بیان کر اور اس سے مغفرت طلب کر۔) یعنی اپنے رب سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگو۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول محمد ﷺ کو استغفار کا حکم دیا، جیسے سورۂ غافر اور سورۂ محمد میں آیا ہے۔ چنانچہ سورۂ غافر میں فرمایا: ﴿وَاسْتَغْفِرْ لِذَنبِكَ﴾ (اور اپنے گناہ کی بخشش مانگتے رہو۔)

اللہ تمہارا رب توبہ قبول کرنے کی صفت سے متصف ہے: ﴿إِنَّهُ كَانَ تَوَّابًا﴾ (بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے۔) یعنی اللہ تمہارے رب کی شان یہ ہے کہ وہ توبہ کرنے والوں کی توبہ قبول فرماتا ہے، جو رجوع کرے اس کی توبہ قبول ہوتی ہے۔

ایک قول یہ ہے کہ نبی ﷺ اور دیگر انبیاء علیہم السلام کا استغفار محض عبادت اور بندگی کے اظہار کے طور پر ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس کا حکم عبادت کی تکمیل اور عبودیت کے اظہار کے لیے دیا، نہ کہ کسی صادر شدہ گناہ کی مغفرت کے لیے۔

ایک دوسری رائے کے مطابق آپ ﷺ کو استغفار کا حکم دراصل امت کی تنبیہ اور تعلیم کے طور پر دیا گیا، اس میں اس پر تحريض بھی ہے، گویا اصل مخاطب امت ہی ہے [5]۔

ابن کثیر رحمہ اللہ نے سورۂ غافر کی تفسیر میں اسے امت کے لیے استغفار کی ترغیب اور توجہ دلانا قرار دیا ہے [6]، اس لیے کہ استغفار درجات کی بلندی، ارتفاع اور قربِ الٰہی کا ذریعہ بنتا ہے۔

شوکانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: رسالت کے بعد ذنب سے مراد وہ کام ہے جس کا ترک زیادہ اولیٰ تھا، جو آپ کے بلند مرتبہ کی بنا پر آپ کے حق میں ذنب شمار ہوتا ہے، اگرچہ دوسروں کے حق میں ذنب نہ ہو۔[7]

محاسبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :انبیاء کے ذنوب کو اس قدر بھاری وصف اس لیے دیا گیا کہ وہ ان پر انتہائی توجہ رکھتے، ان پر نادم رہتے، ان پر حسرت کرتے تھے، حالانکہ وہ معاف شدہ ہوتے تھے۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول محمد ﷺ کے ساتھ مغفرت کے معاملے میں معاملۂ بشریت کا اسلوب اختیار فرمایا، باوجود اس کے کہ آپ ﷺ انتہائی کوشش فرماتے تھے کہ کسی ذنب میں واقع نہ ہوں، کیونکہ آپ ﷺ جب اپنی عبادات کو دیکھتے تو اللہ تعالیٰ کے حق کے مقابلے میں اپنے آپ کو قاصر محسوس کرتے تھے۔

تاکہ لوگوں پر واضح ہو جائے کہ اے رسول محمد ﷺ! تمہاری حرص، تمہاری معرفتِ رب کے باوجود اللہ تعالیٰ نے تمہارے اگلے پچھلے سب گناه معاف فرما دیے۔ اگر تمہارے ماضی و مستقبل میں کوئی گناه ہوتا تو تمہاری منزلت اور بلند مقام کی وجہ سے ہم اسے بھی معاف فرما دیتے۔

اسی ربانی ہدایت کی بنا پر رسول ﷺ نے اس حکم کی کامل پیروی فرمائی اور کثرت سے استغفار کرنے والے بن گئے۔ چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: "اللہ کی قسم! میں دن میں ستر مرتبہ سے زیادہ اللہ سے استغفار کرتا اور اس کی طرف رجوع کرتا ہوں۔"[8]

جب اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی و رسول محمد ﷺ کو استغفار کا حکم دیا، حالانکہ آپ ﷺ اپنے رب کے نزدیک برگزیدہ، معزز، مغفور لہ تھے، تو اس سے امت کے حق میں استغفار کی اہمیت مزید مؤکد ہو جاتی ہے اور اس کی پابندي کی تاکید ثابت ہوتی ہے، کیونکہ استغفار امر کے صیغے کے ساتھ وارد ہوا ہے جو وجوب پر دلالت کرتا ہے۔

میں اللہ تعالیٰ کی حمد و شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے فضل سے مجھے اس مبارک کام کی سعادت عطا فرمائی اور سورة النصر کی تفسیر پایۂ تکمیل تک پہنچائی۔

اے ہمارے رب! ہم سے قبول فرما، بے شک تو ہی خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے، اور ہماری توبہ قبول فرما، یقیناً تو ہی بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔ تمام تعریفیں اللہ ربُّ العالمین کیلئے ہیں، اور درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر اور آپ کی تمام آل پر۔

حاشيه:

[1] القرطبي، الجامع لأحكام القرآن (٢٠/١٥٧)

[2] الطبري، جامع البيان عن تأويل أي القرآن (٢٤/٧٠٥)

[3] ابن الجوزي، زاد المسير في علم التفسير (٨/٣٢٤)

[4] ابن الجوزي، زاد المسير في علم التفسير (٨/٣٢٤)

[5] الشوكاني، فتح القدير (٥/٥١٠)

[6] ابن كثير، تفسير القرآن العظيم (٤/٩١)

[7] الشوكاني، فتح القدير (٥/٤٥)

[8] البخاري، الجامع الصحيح (٤/١٥٤) رقم (٦٣٠٧)