مَكِّيّ · ۸ آیات · ۱۰۲

التکاثر

التكاثر

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

أَلۡهَىٰكُمُ ٱلتَّكَاثُرُ ١ حَتَّىٰ زُرۡتُمُ ٱلۡمَقَابِرَ ٢ كَلَّا سَوۡفَ تَعۡلَمُونَ ٣ ثُمَّ كَلَّا سَوۡفَ تَعۡلَمُونَ ٤ كَلَّا لَوۡ تَعۡلَمُونَ عِلۡمَ ٱلۡيَقِينِ ٥ لَتَرَوُنَّ ٱلۡجَحِيمَ ٦ ثُمَّ لَتَرَوُنَّهَا عَيۡنَ ٱلۡيَقِينِ ٧ ثُمَّ لَتُسۡـَٔلُنَّ يَوۡمَئِذٍ عَنِ ٱلنَّعِيمِ ٨ [سورة التكاثر : 1-8]

(تمہیں زیادہ کی حرص نے غافل کر دیا۔ یہاں تک کہ تم قبروں میں جا پہنچے۔ ہرگز نہیں، تم عنقریب جان لو گے۔ پھر ہرگز نہیں، تم عنقریب جان لو گے۔ ہرگز نہیں، اگر تم یقینی علم سے جانتے۔ تو البتہ ضرور تم جہنم کو دیکھ لو گے۔ پھر تم اسے ضرور یقین کی آنکھ سے دیکھ لو گے۔ پھر اس دن تم سے نعمتوں کے بارے میں ضرور پوچھا جائے گا۔) [سورةالتكاثر:1-8].


سورۂ تکاثر کا آغاز اس حقیقت کے بیان سے ہوا کہ انسان دنیا کی کثرت اور زیادتی کی محبت میں مبتلا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿أَلْهَاكُمُ التَّكَاثُرُ﴾ (تمہیں زیادہ کی حرص نے غافل کر دیا۔) یعنی اے لوگو! دنیا کی زیادتی کی محبت نے تمہیں اس چیز سے غافل کر دیا جو تم پر لازم تھی، یعنی اپنے رب کی اطاعت اور آخرت کی طلب۔ بیان کی باریکی یہ ہے کہ “تکاثر” کو عام رکھا گیا تاکہ اس کی تمام صورتیں شامل ہو جائیں: مال، اولاد، جاہ، ملکیتیں اور دنیا کی بے شمار نعمتیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اصل مقصدِ حیات دنیا کی لذتوں میں کھو جانا نہیں بلکہ اصل یہ ہے کہ انسان اپنے رب کی اطاعت میں مشغول رہے، دنیا سے بقدرِ ضرورت لے اور اسے اپنی زندگی اور وقت پر غالب نہ آنے دے کہ وہ اسے آخرت سے غافل کر دے۔ یہی انسانی زندگی کا نہایت متوازن نظام ہے، اور یہی حقیقت واضح کرتی ہے کہ دنیا دراصل آخرت کیلئے عمل کی جگہ ہے، کیونکہ دنیا ہر انسان کیلئے عارضی قیام گاہ ہے۔

اللہ تعالیٰ نے اس مشغولیت کو "لہو" فرمایا: ﴿أَلْهَاكُمُ﴾ یعنی تمہیں غافل کر دیا۔ لہو کا معنی ہے اہم چیز سے غیر اہم چیز میں مشغول ہو جانا، یعنی وقت اور محنت کو اس چیز میں صرف کرنا جو حقیقی قدر و قیمت نہیں رکھتی یا جس کی حیثیت بہت معمولی ہے۔ اس لفظ میں وقت اور محنت دونوں پہلو شامل ہیں، خواہ وہ مشغولیت مباح چیزوں میں ہو یا ممنوع امور میں۔ یہ تعبیر اپنے معنی کی وسعت اور دقت کے اعتبار سے نہایت جامع ہے، اور قرآن کے بیان کی عظمت کو ظاہر کرتی ہے۔

بیان کی ایک لطیف حکمت یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نہ تکاثر کی مقدار متعین کی نہ اس کی نوع، تاکہ ہر وہ صورت شامل ہو جائے جو بندے کو اس مقصد سے غافل کر دے جس کیلئے وہ پیدا کیا گیا، یعنی اپنے رب عز وجل کی عبادت۔ یہی قرآن کے اسلوب کی بلاغت، جامعیت اور انسانی فطرت کے علاج کا کمال ہے۔ لفظ ﴿التَّكَاثُرُ﴾ مسلسل بڑھنے کی خواہش کو ظاہر کرتا ہے، یعنی ایسا اضافہ جو رکتا نہیں؛ انسان جب کسی چیز کو پا لیتا ہے تو مزید چاہنے لگتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "اگر ابنِ آدم کے پاس سونے کی ایک وادی ہو تو وہ چاہے گا کہ اس کے پاس دوسری بھی ہو، اور اس کا منہ مٹی کے سوا کچھ نہیں بھر سکتا، اور اللہ توبہ کرنے والے کی توبہ قبول فرماتا ہے" [1]۔ اس حدیث میں انسانی طبیعت کا بیان ہے جسے دین اپنی شریعت کے ذریعے مہذب اور منظم کرتا ہے تاکہ ہر شخص جان لے کہ یہ دین انسان کیلئے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔

پھر اللہ تعالیٰ بیان فرماتا ہے کہ انسان کا یہ مشغول رہنا اور بڑھتی ہوئی طلب میں کھوئے رہنا اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک وہ قبر میں نہ پہنچ جائے۔ چنانچہ فرمایا: ﴿حَتَّىٰ زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ﴾ (یہاں تک کہ تم قبروں میں جا پہنچے۔) یعنی تمہیں تکاثر نے غافل رکھا یہاں تک کہ موت آ گئی اور تم قبروں میں جا پہنچے، اور یوں آخرت کا حصہ تم سے فوت ہو گیا۔ یہ رحمان و رحیم کی طرف سے بندوں کیلئے تنبیہ ہے اور اس طمع کی حالت کا بیان ہے جس سے انسان کو خبردار ہونا چاہئے تاکہ وہ اپنے معاملات کو اپنے رب کے منہج کے مطابق درست کرے۔ اس میں انسان کو دنیا کی حقیقت یاد دلائی گئی ہے کہ وہ جدائی اور انقطاع کی طرف لے جانے والی ہے، تاکہ انسان سوچے، اپنے حساب پر نظر کرے اور اپنے اعمال کو درست کرے، اور دنیا کی دلکشی اور دھوکے میں پڑ کر آخرت سے غافل نہ ہو، کیونکہ دنیا کی رفاقت موت پر ختم ہو جاتی ہے۔

پھر اللہ تعالیٰ واضح فرماتا ہے کہ حقیقت وہ نہیں جو تم سمجھ رہے ہو بلکہ وہ ہے جسے تم جلد جان لو گے جب قبروں میں پہنچو گے اور دنیا سے جدا ہو جاؤ گے۔ ارشاد ہے: ﴿كَلَّا سَوْفَ تَعْلَمُونَ﴾ (ہرگز نہیں، تم عنقریب جان لو گے۔) یعنی درست بات وہ نہیں جو تمہارا حال ہے کہ تم تکاثر میں مشغول ہو، بلکہ تم جلد حقیقت جان لو گے۔ لفظ ﴿كَلَّا﴾ اس خیال کی نفی کرتا ہے کہ تکاثر میں مشغول ہونا درست ہے، اور یہ تنبیہ دیتا ہے کہ تم عنقریب اس کا انجام جان لوگے۔ قبر اور قیامت کے دن انسان حقیقت کو دیکھ لے گا کہ وہ دنیا میں آخرت سے غافل ہو کر خطا پر تھا۔ فرّاء رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: یعنی معاملہ وہ نہیں جس پر تم فخر اور کثرت میں لگے ہو ﴿كَلَّا سَوْفَ تَعْلَمُونَ﴾ یعنی تم عنقریب اس کا انجام جان لو گے [2]۔ اس میں تنبیہ اور سخت خبردار کرنا ہے، اور یہ اللہ تعالیٰ کی بندوں پر رحمت ہے کہ وہ انہیں اس چیز سے ڈراتا ہے جو انہیں دائمی نعمت سے محروم کر سکتی ہے، یعنی فانی دنیا کے لہو میں پڑ جانا۔

پھر وعید، تنبیہ اور ڈرانا تکرار کے ساتھ اور زیادہ شدت اختیار کر لیتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿ثُمَّ كَلَّا سَوْفَ تَعْلَمُونَ﴾ (پھر ہرگز نہیں، تم عنقریب جان لو گے۔) یعنی تم عنقریب جان لو گے کہ قبروں میں تمہارے ساتھ کیا معاملہ ہوگا، اور بعث، حساب اور جزا کے وقت تم پر کیا گزرے گی۔ ﴿ثُمَّ كَلَّا﴾ میں نفی کی تاکید اور تکرار ہے، جو اس بات کو مضبوط کرتی ہے کہ تکاثر میں مشغول رہنا اور رب کی اطاعت سے غافل ہونا ہرگز درست نہیں۔ اسی طرح ﴿سَوْفَ تَعْلَمُونَ﴾ کی تکرار نصیحت پر نصیحت اور تنبیہ پر تنبیہ ہے، اس یقینی علم کی طرف متوجہ کرنا جو انسان کو دنیا اور آخرت کے حقائق کا سامنا ہونے پر حاصل ہوگا، اور یہی وعظ دراصل اس کے حق میں خیر ہے۔

پھر اللہ عزیز و حکیم کی طرف سے مزید تنبیہ اور تاکید آتی ہے: ﴿كَلَّا لَوْ تَعْلَمُونَ عِلْمَ الْيَقِينِ﴾ (ہرگز نہیں، اگر تم یقینی علم سے جانتے۔) یعنی اگر تمہیں اس حقیقت کا پورا یقین ہوتا جو تمہارے آگے آنے والی ہے تو تمہیں تکاثر کی محبت اپنے رب کی اطاعت سے غافل نہ کرتی یہاں تک کہ تم قبروں تک جا پہنچتے۔ یہاں ﴿كَلَّا﴾ کے ذریعے تیسری مرتبہ زجر آیا، جو اس بات کی تاکید کرتا ہے کہ تکاثر میں غفلت ہرگز درست نہیں۔ ﴿عِلْمَ الْيَقِينِ﴾ سے مراد وہ قطعی اور مطابقِ حقیقت علم ہے جو قبر اور قیامت کے حالات کے بارے میں ہوگا، جس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ تم جہنم کو دیکھو گے: ﴿لَتَرَوُنَّ الْجَحِيمَ﴾ (تو البتہ ضرور تم جہنم کو دیکھ لو گے۔) یعنی وہ جہنم جس کی آگ بھڑکتی ہے۔ اگر تمہیں یہ یقینی علم حاصل ہوتا تو تکاثر کی غفلت تمہیں اطاعت سے نہ روکتی، اس لئے اس دن سے ڈرو جس میں حقیقت کا علم ایسا یقینی ہوگا جس میں کوئی شک باقی نہ رہے گا۔

پھر اللہ تبارک و تعالیٰ اس رؤیت کی مزید تاکید فرماتا ہے: ﴿ثُمَّ لَتَرَوُنَّهَا عَيْنَ الْيَقِينِ﴾ (پھر تم اسے ضرور یقین کی آنکھ سے دیکھ لو گے۔) یعنی اے تکاثر میں غافل رہنے والو! تم جہنم کو یقینی طور پر اپنی آنکھوں سے دیکھو گے، ایسی رؤیت جو حقیقت پر مبنی ہوگی اور جس میں کسی شک کی گنجائش نہ ہوگی۔

اس کے بعد فرمایا: ﴿ثُمَّ لَتُسْأَلُنَّ يَوْمَئِذٍ عَنِ النَّعِيمِ﴾ (پھر اس دن تم سے نعمتوں کے بارے میں ضرور پوچھا جائے گا۔) یعنی اے دنیا کی کثرت میں مشغول رہنے والو! اس دن تم سے ان تمام نعمتوں کے بارے میں سوال ہوگا جن سے تم فائدہ اٹھاتے رہے اور جنہوں نے تمہیں اطاعت سے غافل کیا۔ لفظ ﴿النَّعِيمِ﴾ تمام نعمتوں کو شامل ہے: صحت، فراغت، امن، خوراک اور دنیا کی ہر آسائش جسے بندے نے اللہ کی اطاعت کے بجائے غفلت یا معصیت میں استعمال کیا۔ اس میں نہایت سخت تنبیہ ہے کہ نعمتوں کے بارے میں سوال ہوگا اور ان کے استعمال پر حساب لیا جائے گا، کیونکہ انسان اسی مقصد کیلئے پیدا کیا گیا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ﴾ (اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔) یعنی جن و انس کی تخلیق اور رسولوں کی بعثت اور کتابوں کا نزول ایک ہی مقصد کیلئے ہے: اللہ وحدہٗ لا شریک کی عبادت۔ اس آیت میں غایت کو ایک ہی مقصد میں محدود کر دیا گیا: ﴿إِلَّا لِيَعْبُدُونِ﴾ یعنی صرف میری عبادت کیلئے۔ اس عبادت میں اس کی توحید، اخلاص، محبت، اس کی شریعت کی پیروی اور اسی کی طرف رجوع شامل ہے، اور اس کے سوا ہر چیز سے دل کو پھیر لینا بھی۔

جن کو انسانوں سے پہلے ذکر کرنے میں یہ لطیف اشارہ ہے کہ اے انسان! جب جن بھی اسی رب کی عبادت کیلئے پیدا کیے گئے تو تم اس کی اطاعت میں اور زیادہ جلدی کرو۔ پھر تم کیسے تکاثر میں مشغول ہو کر اس مقصد سے غافل ہو جاتے ہو جس کیلئے تمہیں پیدا کیا گیا؟

میں اللہ تعالیٰ کی حمد و شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے فضل سے مجھے اس مبارک کام کی سعادت بخشی اور سورۂ تکاثر کی تفسير كى تکمیل کی توفیق عطا فرمائی۔

اے ہمارے رب! ہم سے قبول فرما، بے شک تو ہی خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے، اور ہماری توبہ قبول فرما، یقیناً تو ہی بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔ تمام تعریفیں اللہ ربُّ العالمین کے لئے ہیں، اور درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر اور آپ کی سارى آل پر۔


حاشيه:

[1] البخاري، الجامع الصحيح (٦٤٣٩)؛ مسلم، الصحيح (١٠٤٨)

[2] القرطبي، الجامع لأحكام القرآن (٢٠/١١٨)